20 دسمبر، 2013

کراچی میں پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکا، ایس ایچ او ماڑی پور سمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی گاڑی میں پولیس اسکواڈ کے ساتھ اپنی رہائش گاہ کی جانب جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے پرانی سبزی منڈی کے قریب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں  وہ موقع پر ہی جاں بحق اور ان کی گاڑی  تباہ ہوگئی، دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز گلشن اقبال، ناظم آباد، گلبہار اور گارڈن تک سنائی دی جبکہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 2 سے 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیئرنگز بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پرانی سبزی منڈی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں