18 دسمبر، 2013

چینی ڈاکٹروں نے نوجوان کا ہاتھ بچانے کیلئے اس کے پاؤں سے جوڑدیا

بیجنگ…آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بعض اوقات اس حیرت انگیز طریقے سے کیا جاتا ہے کہ دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ایسا ہی کچھ چین میں ہوا جب ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کا ہاتھ ضائع ہونے سے بچانے کے لئے اسکے ٹخنے کے ساتھ جوڑ دیا۔سات گھنٹے تک جاری رہنے والے اس آپریشن کے پینتیس دن بعد ہاتھ کوپاؤں سے ہٹا کر اسکے بازو کے ساتھ لگا دیا جائے گا۔واضح رہے کہ نوجوان کا ہاتھ ایک حادثے میں کٹ گیا تھا جس کے بعد اس کی رگوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ، جنہیں زندہ رکھنے کے لئے یہ انوکھا آپریشن کیا گیا۔

مسئلہ کشمیر، سیاچن، پانی کے تنازعات حل کیے بغیر امن ممکن نہیں،شہبازشریف

لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت پر واضح کردیا مسئلہ کشمیر، سیاچن اور پانی کے تنازعات حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دورہ بھارت میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اْن سے روایتی گلے شکوے کیے تو انہیں جواب دیا کہ67سال لڑائی کے باجود ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوا، پاکستان اور بھارت جوہری طاقت ہیں، بنیادی مسائل سے منہ موڑنا خطرناک ہوسکتاہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت اور چین نے تجارت بڑھانے کیلئے دشمنیاں ختم کردیں ،چین نے ہر مشکل دور میں پاکستان کی مدد کی،لیکن تجارت وہ بھارت سے کررہاہے۔