23 دسمبر، 2013

ہتھیار ’’کلاشنکوف‘‘ کے موجد میخائل کلاشنکوف چل بسے

ماسکو: بدنام زمانہ ہتھیار ’’کلاشنکوف‘‘ کے مجود میخائل کلاشنکوف 94 سال کی عمر میں بیماری کے باعث انتقال کرگئے۔
میخائل کلاشنکوف کو گزشتہ ماہ جسم کے اندر ہونے والی بلیڈنگ کے بعد ماسکو کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم زیر علاج رہنے کے باوجود ان کی طبیعت بحال نہ ہوئی جس کے باعث وہ انتقال کرگئے۔ جنگ عظیم دوئم كے ابتدائی برسوں میں سوویت یونین کی جرمن فوجیوں كے ہاتھوں شكست  اور 1941 میں ایک جھڑپ میں زخمی ہونے كے بعد كلاشنكوف نے 1947 میں  اپنی رائفل ڈیزائن كی جسے ’’کلاشنکوف‘‘ کے نام سے جانا گیا، کلاشنکوف کو ان کے ایجاد کئے گئے ہتھیار کے باعث سوویت یونین میں بطور قومی ہیرو جانا گیا اور وہ ماسكو كی ماضی كی عظیم فوجی طاقت كی علامت بنے تاہم ان کے ایجاد کیا گیا ہتھیار دنیا میں لاکھوں لوگوں کی موت کا سبب بنا
كلاشنكوف نے اپنی 90ویں سالگرہ پر كہا تھا كہ میں نے یہ ہتھیار اپنے ملک كی سرحدوں كی دفاع كے لئے بنایا تھا لیکن بعض اوقات یہ ایسی جگہوں  پر استعمال ہوتا ہے جہاں نہیں ہونا چاہیے اور یہ ان کا نہیں بلکہ سیاستدانوں  كا قصور ہے۔

کراچی اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف وہراس

کراچی: شہر قائد اور اس کے گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے کراچی اور اس کے گرد ونواح کے علاوہ بلوچستان کے بعض ساحلی علاقوں میں بھی محسوس کئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 تھی اور اس کا مرکز کراچی سے شمال مغرب میں 137 کلو میٹر 50 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل بھی سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 تھی اور اس کا مرکز لاڑکانہ سے 63 کلو میٹر مغرب میں 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔

سندھ کے4شہروں میں کل موبائل فون بندرکھنے کی سفارش

کراچی…حکومت سندھ نے سندھ کے4شہروں میں کل موبائل فون بندرکھنے کی سفارش کی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ممتازعلی شاہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ صبح 7سے رات 10تک موبائل بند کرنے کی سفارش کی ہے،کراچی، حیدرآباد، سکھر اور خیرپور میں موبائل بند ہوں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ متعلقہ ادارے کو ہدایت جاری کرے گی جبکہ چہلم کے موقع پر پاک فوج بھی موجود ہوگی۔

امام حسین کے چہلم پر کل 56 شہروں میں موبائل فون بند ہونے کا امکان

اسلام آباد…شہدائے کربلا کے چہلم پر ملک بھر میں کل جلوس نکالے جائیں گے۔ وزارت داخلہ نے ابھی تک اعلان نہیں کیا لیکن کئی شہروں میں موبائل فون بند کیے جانے کا امکان ہے۔ راولپنڈی میں ساڑھے چھ ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر کنٹینرز اور سی سی ٹی وی کیمرے لگادیے گئے ہیں۔ راول پنڈی میں چہلم حضر ت امام حسین  کا جلوس کل نکالا جائے گا۔ جلو س کا آغا ز امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوگا جو اقبال روڈ، فوارہ چوک، راجہ بازار، پرانا قلعہ، جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوجائے گا۔ جلوس کے راستوں اور اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے کئی راستے بھی کنٹینرز لگا کر بلاک کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق فوج، رینجرز اور پولیس سمیت ساڑھے چھ ہزار سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ آر پی او راولپنڈی اخترعمر حیات لایکا کے مطابق جلوس کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ہیں۔ جلوس سے ایک ہزار گز تک پولیس افسران سمیت کسی کو پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ میٹل ڈیٹکٹرز سمیت چار مقامات پر جلوس میں داخل ہونے والوں کی چیکنگ اور فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔