Pakistan لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
Pakistan لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

11 جنوری، 2014

لاہور:تحریک انصاف کی رہنما نیلم اشرف کا بیٹا قتل

تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار مسعود بھٹی لاہور سے قصور جارہے تھے کہ فیروز پور روڈ پر مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار پہلے سے گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسعود بھٹی اور ان کے 3 گارڈز موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا وکیل دوست زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی بھی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتہ چل پائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی ہے، دوسری جانب مقتولین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث بااثر افراد کی پشت پناہی کررہی ہے، اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں لیکن انھیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ مسعود بھٹی عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 176 پر تحریک انصاف کے امیدوار بھی تھے تاہم مختلف معاملات پر ان کے کئی افراد سے تنازعات بھی چل رہے تھے۔

چوہدری اسلم پر حملہ: مقدمہ پی آئی بی تھانے میں درج کرلیا گیا

پولیس کی جانب سے چوہدری اسلم اور ان کےساتھیوں پر حملے کا مقدمہ کراچی کے علاقے پی آئی بی تھانے میں سب انسپیکٹر عادل کی مدعیت میں درج کیا گیا  جس میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں 302 سمیت انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس سے قبل پولیس کی جانب سے چوہدری اسلم کے قافلے پر حملہ کرنے والے مبینہ خودکش حملہ آور نعیم اللہ کے 2 ساتھیوں اور ایک بھائی کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھاکہ مبینہ خود کش حملہ آور نعیم اللہ 4 بچوں کا باپ تھا اور اس کی شناخت نادرا نے جائے وقوعہ سے ملنے والے اس کے  ہاتھ کی انگلیوں کے فنگرپرنٹس کی مدد سے کی۔
واضح رہے کہ بدھ کو ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اپنے ساتھیوں سمیت گھر سے دفتر جارہے تھے کہ کراچی کے علاقے عیسی نگری میں لیاری ایکسپریس وے پر خودکش حملے میں شہید ہوگئے تھے جنہیں کراچی کے گزری قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، قاتلانہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

9 جنوری، 2014

مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ 2 بجے تک محفوظ

اسلام آباد کی نیشنل لائبریری میں جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری مقدمے سماعت کی۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ دوران علاج پرویز مشرف میں بہت سی بیماریوں کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت نازک ہے جب کہ ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے لہذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ پرویز مشرف کے دل کی کوئی شریان بند نہیں اور نہ ہی رپورٹ میں ایسا کوئی لفظ ہے کہ ملزم عدالت میں پیشی کے قابل نہیں اور نہ ان کی جان کو خطرہ ہے لہذا عدالت ملزم کو بلا کر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیں، سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کو خفیہ رکھنا تھا لیکن وہ میڈیا تک پہنچ گئی جس پر اکرم شیخ نے کہاکہ اس پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا کیوں کہ رپورٹ میرے دفتر سے لیک نہیں ہوئی۔ عدالت نے میڈیکل رپورٹ پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پراسیکیوٹر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بہادر فوج کا سابق سپہ سالار بیماری کا بہانہ بنا کر عدالت میں پیش نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہاکہ مشرف کو ایسی کوئی معذوری نہیں کہ عدالت میں پیش نہ ہوسکیں، میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کی دل کی دھڑکن 18 سال کے نوجوان جیسی ہے جب کہ بلڈپریشر سپورٹس مین کی طرح ہے۔ پرویز مشرف کے بیرون ملک علاج سے متعلق اکرم شیخ کا کہنا تھاکہ پاکستان میں تمام امراض کا علاج ہوتا ہے جب کہ کراچی کے آغا خان اسپتال اور اے ایف آئی سی میں امراض قلب کے علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں یہاں بیرون ملک سے بھی لوگ علاج کے لئے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ آرمدفورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی کے حکام نے سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ منگل  کے روز خصوصی عدالت میں پیش کی تھی۔

عدالت میں پیشی کے باوجود آصف زرداری پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

اسلام آباد…سابق صدر آصف علی زرداری آج نیب کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ، ان پر پولوگرآوٴنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائدنہیں کی گئی ، ان کے وکیل کا مو قف ہے کہ پولو گراوٴنڈ ریفرنس بے بنیاد ہے سابق صدر آصف علی زرداری کی آج نیب عدالت میں پیشی تھی ۔ سابق صدر گھر سے نکلے اور عدالت پہنچے، ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد عدالت تک پہنچی۔ سابق صدر کو آج نیب نے پانچ ریفرنسرز میں طلب کر رکھا تھا ، ان میں پولو گراوٴنڈ ریفرنس ، ایس جی ایس ، کوٹیکنا ، اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹرز شامل ہیں۔ آصف علی زرداری پر پولو گراوٴنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا لیکن آج ان پر فرد جرم عائد نہ کی گئی ، عدالت نے اس معاملے پر ان کے وکیل کی بحث کی درخواست مقرر کرتے ہوئے سماعت کے لیے اٹھارہ جنوری کی تاریخ مقرر کردی، آج کی سماعت میں استغاثہ کی جانب سے 5 گواہ عدالت میں پیش ہوئے، فاروق ایچ نائیک کے گواہوں پر اعتراضات کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفت گو میں آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ پولو گراوٴنڈ ریفرنس بے بنیاد ہے ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو ہر دور میں نشانہ بنایا گیا لیکن ان کے قائدین سیکیورٹی خدشات کے باوجود عدالتوں کا احترام میں وہاں پیش ہوئے۔

8 جنوری، 2014

جنوبی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 10 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گرین رج چک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو فائرنگ سے ہلاک کردیا تاہم کارروائی کے دوران 3 فوجی بھی شہید ہوئے۔

اٹارنی جنرل منیر اے ملک کا مستعفی ہونے کا امکان

اسلام آباد: اٹارنی جنرل منیر اے ملک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ  کسی بھی وقت استعفیٰ دے سکتے ہیں۔
قریبی ذرائع کے مطابق منیر اے ملک اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز ہونے کے باعث اپنے گھر والوں کو ٹھیک سے وقت نہیں دے پارہے تھے تاہم اب وہ اپنے بچوں کے ہمراہ سیرو تفریح کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں اور پھر واپس پاکستان آنے کے بعد اپنی وکالت کرنا چاہتے ہیں اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔
ایکسپریس نیوز کے نمائندے کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ریٹائرمنٹ کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ منیر اے ملک بھی جلد ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

بھارت کی امریکی سفارتخانے کو نئی دلی میں تمام تجارتی سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت

نئی دہلی …بھارت اور امریکا کے درمیان سفارتی تنازع نے نیا رخ اختیار کرلیا، بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کو کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی سفارت خانے سے کہا گیا ہے کہ وہ 16 جنوری تک امریکن کمیونٹی سپورٹ ایسوسی ایشن کے تحت جاری کاروباری سرگرمیاں بند کردے۔ امریکی سفارت خانے میں قائم ریسٹورنٹ، بیوٹی پارلر، بولنگ کلب کو بھی بند کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔ امریکن سینٹرز میں بھارتی فلم کی نمائش سے قبل لائسنس کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے اور امریکی سفارت خانے کی تمام گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی پر اب جرمانہ بھی دینا پڑے گا۔

پرویز مشرف جنوری کے آخر میں بیرون ملک جاسکتے ہیں، امریکی اخبار

امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ پرویز مشرف آئندہ کچھ روز میں بیرون ملک جا سکتے ہیں تاہم وہ کہاں جائیں گے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف نواز شریف کی سول حکومت کے لئے درد سر بن چکے ہیں، پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے سے مشرف اور حکومت کے درمیان سرد جنگ ختم ہوسکتی ہے۔
لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کا بیرون ملک جانا خود مشرف سمیت تمام لوگوں کے لئے بہتر ہے۔ دوسری جانب پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف نے بھی علاج کی خاطر حکومت سے مشرف کے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو گزشتہ ہفتہ غداری کیس کے لئے عدالت جاتے ہوئے دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کے آرمڈ فورسز ایسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں اور ان کے باہر جانے یا نہ جانے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ میڈیکل رپورٹس کے بعد ہی کیا جائے گا۔

7 جنوری، 2014

پرویز مشرف ذہنی دباوٴ کا شکار ، دل کی شریان بند

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے دل کی ایک شریان بند ہے، اس کے علاوہ ان کے دل کی دیگر شریانوں میں کیلشیم کی موجودگی بھی پائی گئی ہے۔ وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور ان کا کندھا بھی صحیح کام نہیں کررہا، انہیں ریڑھ کی ہڈی میں درد کا بھی مسئلہ ہے، اس کے علاوہ انھیں دانتوں میں درد اور ہڈیوں میں سوزش کے امراض بھی لاحق ہیں۔ اسپتال میں تعینات ماہرین قلب پرویز مشرف کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کررہے ہیں اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پرویز مشرف کی انجیوگرافی کی ضرورت ہےتاکہ بائی پاس سرجری کے بارے میں فیصلہ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی وجہ سے اے ایف آئی سی نے عدالت کے حکم پر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ آج جمع کرائی تھی۔

6 جنوری، 2014

اداکارہ وینا ملک اور اسد بشیر کے نکاح کی تصاویر جاریکر دی گئیں

دبئی …وینا ملک کے اسد بشیر سے نکاح کی تصویریں منظرعام پر آ گئی ہیں، وینا ملک کے نکاح میں ان کا حق مہر ایک ہزار ریال رکھا گیا ہے، جو ان کے شوہر اسد بشیر نے ادا کر دیا ہے،وینا ملک اور بزنس مین اسد بشیر کچھ دن پہلے دبئی کی عدالت میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ نکاح نامے کے مطابق وینا ملک کا حق مہر ایک ہزار ریال تھا جو اسد بشیر نے وینا کو ادا کیا۔ وینا ملک اور ان کے شوہر ان دنوں دبئی میں ہیں۔ وینا ملک نے بتایا کہ انھوں نے اور ان کے شوہر نے معروف عالم دین مولانا مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ وینا ملک کے مطابق مذہبی رہ نما مولانا طارق جمیل نے وینا اور ان کے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دفاع وطن کیلئے جان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں،آرمی چیف

راولپنڈی…آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے جان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں،جبکہ زخمی جوان ہمارے قومی ہیرو ہیں،قوم کو ان پر فخر ہے،پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمڈ فورسزانسٹی ٹیوٹ برائیری ہیبلی ٹیشن میڈی سن راولپنڈی کے دورے کے موقع پر خطاب میں انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے ری سیٹلمنٹ ووکیشنل تربیتی سینٹر کا افتتا ح بھی کیا۔

عمر کوٹ:بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے،عمران خان

عمر کوٹ…پاکستان تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں ہر صوبے نے اپنا امپائر مقرر کیا مگر بلدیاتی انتخابات میں ہم دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،عمر کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ4حلقوں میں تحقیق ہوئی توپتاچل جائے گا کہ تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی تھی، ہم نے الیکشن مان لئے لیکن دھاندلی نہیں مانیں گے۔11مئی کے الیکشن میں میچ فکس ہونے کاشک آج یہ جلسہ دیکھ کر ہوگیا ہے،اگربلدیاتی انتخابات میں ایسی دھاندلی ہوئی توسڑکوں پرانتشارہوگا،دھاندلی پرپاکستان کی سڑکوں پرعوام نکلیں گے۔عمران خان نے کہا خیبرسے شروع ہونیوالی سونامی پنجاب میں آکررْک گئی،سندھ میں تاخیر سے آنے پرسندھ کے عوام سے معافی مانگتاہوں۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ظلم کرنے کیلئے مظلوموں کوتقسیم کیاجاتاہے، جب تمام مظلوم اکٹھے نہیں ہوں اس وقت تک ظلم ختم نہیں ہوگا۔سندھ کے عوام مظلوم ہیں،ان پرسب سے زیادہ ظلم کیے جاتے ہیں،تحریک انصاف مظلوموں کی پارٹی ہے،ہم انھیں اکٹھاکررہے ہیں اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام یقینی بنائیں گے ۔کالا باغ ڈیم کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ کالاباغ ڈیم یاکوئی اورڈیم اس وقت تک نہیں بنے گاجب تک صوبے متفق نہ ہوں۔

طالبان سے مذاکرات پرمولانا فضل الرحمان سےامید لگانا بیکار ہے، عمران خان

حیدر آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پر مولانا فضل الرحمان سےامید لگانا بیکار ہے، انہوں نے تو اپنے دور اقتدارمیں بھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا۔
حیدر آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، ناانصافی کے خلاف ملک بھر میں جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔اس سلسلے میں سندھ میں بھی رابطہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت شہر شہر اور گاؤں گاؤں میں عوام تک اپنا پیغام پہنچائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ڈورن حملہ کرکے طالبان سے مذاکراتی عمل کومعطل کیا، وفاقی حکومت چاہتی تو نیٹو سپلائی بند کرکے امریکا پردباؤ ڈالا جاسکتاتھا، ڈرون حملوں سے متعلق وفاقی حکومت نے بھی سابق حکمرانوں کی طرح دوغلی پالیسی اختیار کررکھی ہے، ہر ڈرون حملے پر بظاہر احتجاج کیا جاتا ہے اور پس پردہ امریکا کی حمایت کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ طالبان سے بات چیت کے لئے مولانا سمیع الحق کو موقع ملنا چاہئے، اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان سے امید لگانا مناسب نہیں کیونکہ انہوں نے تو اپنے دوراقتدار میں بھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا

غداری کیس ،مشرف کومزید ایک دن کاا ستثنا،سماعت کل تک کیلئے ملتوی

اسلام آباد…خصوصی عدالت نے غداری کیس میں پرویز مشرف کو آج حاضری سے استثنا دیتے ہو ئے سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلہ میں کہا ہے کہ پرویز مشرف کو آج حاضری سے استثنا دیا جاتاہے ،عدالت نے اے ایف آئی سی سے میڈیکل سرٹیفکیٹ طلب کر لیا ہے۔اس سے قبل خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت ہو ئی ، پرویز مشرف آج بھی پیش نہ ہوئے، انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہو ئے کہا کہ کریمنل اسپیشل ایکٹ میں پرویز مشرف کی گرفتاری کی کوئی گنجائش موجود نہیں، مشرف کے وکلا نے دلائل کا آغاز کرنے کی کوشش تو عدالت نے کہا کہ پہلے مشرف کے بارے میں بتائیں، انور منصور نے کہا کہ ان کی درخواستوں پر دلائل باقی ہیں پہلے وہ سنے جائیں، عدالت نے دوبارہ پوچھا کہ واضح بتائیں کہ پرویز مشرف پیش ہوں گے یا نہیں ، انور منصور نے کہا کہ وہ آج نہیں آرہے ، ان کی مشرف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے، شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ پرویز مشرف اسپتال میں ہیں اور ان کا علاج ہو رہا ہے، انور منصور نے دلائل دیئے کہ کریمنل اسپیشل ایکٹ میں درج کارروائی کے طریقے کار کے مطابق اس قانون میں گرفتاری کی کوئی گنجائش نہیں ،گرفتاری ضابطہ فوجداری کے تحت ہوتی ہے، انور منصور کے دلائل مکمل ہونے پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے دلائل کا آغاز کیا، مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے مداخلت کی جس پرعدالت نے انہیں ڈانٹ کر بٹھا دیا۔

5 جنوری، 2014

ایم کیو ایم بدلہ لینے پرنہیں،معاف کرنے پر یقین رکھتی ہے،الطاف حسین

کراچی…متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہہم کسی سے نہیں ڈرتے،عوام بھی نہ ڈریں ،میں وضاحت نہیں کررہا، نہ کبھی کسی کو وضاحت کی ،تاہم یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میرے گزشتہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر بیان کیا گیا،کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ آج کھلی باتیں ہوں گی کیونکہ کچھ لوگوں کو کھل کر بات بتانا پڑتی ہے۔چاروں طرف سے دروازے بند کردیئے جائیں تو لوگ راستہ نکال ہی لیتے ہیں،ورنہ طاقت کی بنیادپر کسی کی جائز آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، میں کہتا ہوں کہ ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے،آج بھی ہم کڑے سے کڑے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، طاقت کی بات نہیں کی جائے ورنہ اس جلسے کی تعداد سب کے سامنے ہے۔میں جو کہتاہوں وہ کرتا ہوں، ایم کیو ایم بدلہ لینے پرنہیں،معاف کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

غداری کیس کی سماعت کل پھر ہوگی، پرویزمشرف پیش نہیں ہوں گے

اسلام آباد: پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کل پھر ہوگی اور سابق صدر  کل بھی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے.
ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی طبیعت بہتر نہیں، وہ اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اپنی ناساز طبیعت کے باعث کل بھی وہ خصوصی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوسکیں گے تاہم عدالت سے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی جائے گی، اس سلسلے میں سابق صدر کی بیماری سے متعلق ڈاکٹرز کی رائے بھی عدالت میں پیش کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف 3نومبر2007 کے غیر آئینی اقدامات پر غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے، 2 جنوری کو اپنے فارم ہاؤس سے عدالت روانگی کے بعد راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہ فوجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

4 جنوری، 2014

ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں0.17 فیصد اضافہ

کراچی: ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کی بڑی وجہ ٹماٹر اور مرغی کا مہنگا ہونا ہے۔
پاکستان بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ 5 ہفتے سے جاری افراط زر کی شرح میں کمی کارجحان ختم ہوگیا اور 2جنوری 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.17 اور سالانہ بنیادوں پر 10.13 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ، 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 31 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمتوں میں پھر سے اضافہ دیکھا گیا اور ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت 16.19 فیصد اضافے کے ساتھ 41.56 روپے سے بڑھ کر 48.29 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ زندہ مرغی کی قیمت بھی 5.89 فیصد بڑھ کر 184.08 روپے فی کلوگرام ہوگئی جو ایک ہفتے قبل 173.84 روپے فی کلوگرام تھی۔
 photo 2_zpsf4247de5.jpg
اس دوران دال مونگ 1.34 فیصد، جلانے کی لکڑی 1.28 فیصد، کیلے 0.99 فیصد، دال ماش0.78 فیصد، سادہ بریڈ 0.27 فیصد، گھی (ٹن) 0.14فیصد مہنگا ہوگیا جبکہ پکانے کے تیل کے ٹن، سرسوں کے تیل، دال مسور اور گھی (کھلا) کے دام بھی بڑھ گئے تاہم فی درجن انڈے 5.51فیصد، آلو 4.93 فیصد، چینی 1.53فیصد، پیاز 1.45 فیصد، گڑ 1.41فیصد، ایل پی جی 0.76 فیصد، لہسن0.43 فیصد، گندم 0.40 فیصد، دال چنا 0.16 فیصد اور آٹا 0.03 فیصد سستا ہونے سے 12 اشیا مہنگی ہونے کے اثرات کافی حد تک زائل ہوگئے جس کی وجہ سے 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں پر محض 0.13 فیصد کا اضافی بوجھ پڑا، 12 ہزار کمانے والوں کی جیب پر مہنگائی کے اثرات 0.15 فیصد، 18ہزار تک کمانے والوں کے لیے افراط زر میں 0.16فیصد، 35ہزار تک ماہانہ آمدنی والوں کیلیے 0.18 فیصد اور مہینے میں 35 ہزار سے زیادہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

کیوں چکرا گئے نہ ،سَر کے بل گھومنے والا باصلاحیت نوجوان

لندن…یوں تو آپ نے کئی حیرت انگیز کرتب دِکھانے والے باصلاحیت لوگ دیکھے ہونگے لیکن اس نوجوان جیسا ماہر شخص شاید ہی کہیں دیکھا ہو جو اپنے سَر کے بَل تیز رفتاری سے گھومنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔برطانیہ سے تعلق رکھنے والا یہ اسٹریٹ پرفارمر اپنے فن کا مظاہرے کرتے ہوئے درجنوں افراد کے سامنے مہارت سے سَرکے بل زمین پر انتہائی تیزی سے گھومنا شروع کرتاہے تو رکنے کا نام نہیں لیتا ۔اس کرتب کے دوران یہ نوجوان ایک بار بھی چکرا کر نیچے نہیں گِرا جو اس کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

مشرف کیخلاف مقدمے کا اصل مدعی پاکستان اور آئین ہے،وزیراعظم

اوکاڑہ…وزیر اعظم میاں نوا زشریف نے کہا ہے کہ پر ویز مشرف کیخلاف مقدمے کا اصل مدعی پاکستان اور آئین ہے، اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تین نومبر کو ریاست کی توہین ہوئی یا نہیں فیصلہ عدالت کرے گی۔پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کا اصل مدعی پاکستان اورپاکستان کا آئین ہے، عدالت فیصلہ کرے گی۔

3 جنوری، 2014

اسلام آباد ہائیکورٹ کی سابق چیف جسٹس کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے 9 جنوری تک مہلت

اسلام آباد: ہائی كورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری كو سیكیورٹی کے لئے بلٹ پروف گاڑی فراہم كرنے كے لئے وزارت داخلہ اور  كابینہ ڈویژن كو 9 جنوری تک کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی كورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری كو سیكیورٹی دینے سے متعلق درخواست كی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت جسٹس شوکت عزیز نے آئی جی اسلام آباد سکندر حیات سے كہا كہ كیا آپ لوگ کیا سابق چیف جسٹس سے كوئی بدلہ لے رہے ہیں، اگر افتخار محمد چوہدری كو بلٹ پروف گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی جس پر سکندر حیات نے كہا كہ ہمارے پاس بلٹ پروف گاڑیاں نہیں ہیں اور صرف وزیر اعظم كی ہدایت پر ہی بلٹ پروف گاڑی دی جاسكتی ہے جس پر فاضل جج نے كہا كہ كیا اب سابق چیف جسٹس خود وزیر اعظم سے گاڑی كا پوچھنے جائیں گے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس کو بلٹ پروف گاڑی دینے سے متعلق اب كوئی بہانہ نہیں چلے گا، وزارت داخلہ اور كابینہ ڈویژن 9 جنوری تک افتخار محمد چوہدری كو بلٹ پروف گاڑی سمیت مكمل سیكیورٹی فراہم كرے۔
دریں اثنا عدالت عالیہ نے سابق چیف جسٹس كو سیكیورٹی كی فراہمی كے خلاف درخواست دائر كرنے والے وكیل ریاض احمد كو  ایک لاكھ روپے جرمانے كا بھی حكم دیا۔