7 جنوری، 2014

قدم پڑتے ہی بجلی پیدا کرنے والے ٹائلز

لندن …این جی ٹی …بر طانیہ میں ایک کمپنی نے ایسی فلور ٹائلز متعارف کر وائی ہیں جن پرچلتے ہی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ ان ٹائلز کو ایک مقامی اسکول میں فلور پر نصب کر دیا گیا ہے جس کے اوپر سے بچے چلتے اور لائٹ کو روشن کر نے کیلئے انرجی فراہم کر تے ہیں ۔ فرش پر نصب ٹائلزکی نچلی سطح پر ایک جدید سسٹم نصب کیا گیا ہے جس کے ذریعے جب ان کے اوپر سے بچے چلتے یا حرکت کرتے ہیں تو خود کار نظام کے تحت بجلی کی توانائی پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہے۔اس خصوصیت کے باعث یہاں ٹائلز کی بدولت بننے والی بجلی سے ہی رات اور دن کے وقت اس اسکول کے اس مخصوص حصے کے بلب روشن ہو کر اجالا کر تے ہیں

پی سی بی کا بنگلا دیش کی خراب صورتحال پرایشیا کپ میں شرکت پر خدشات کا اظہار

پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اشرف الحق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے باعث تحفظات ہیں، کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، موجودہ حالات میں پی سی بی کا ایک نمائندہ بھی آئی سی سی کے سیکیورٹی وفد میں شامل ہوگا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفد 20 جنوری کو بنگلا دیش کا دورہ کرے گا جس کی رپورٹ کا جائزہ لےکر حکومتی ہدایت پر ہی ٹیم بنگلا دیش بھجوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں 5 جنوری کو عام انتخابات کے بعد بھی سیاسی کشیدگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی جبکہ پرتشدد مظاہروں اور جھڑپوں کے نتیجے میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پرویز مشرف ذہنی دباوٴ کا شکار ، دل کی شریان بند

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے دل کی ایک شریان بند ہے، اس کے علاوہ ان کے دل کی دیگر شریانوں میں کیلشیم کی موجودگی بھی پائی گئی ہے۔ وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور ان کا کندھا بھی صحیح کام نہیں کررہا، انہیں ریڑھ کی ہڈی میں درد کا بھی مسئلہ ہے، اس کے علاوہ انھیں دانتوں میں درد اور ہڈیوں میں سوزش کے امراض بھی لاحق ہیں۔ اسپتال میں تعینات ماہرین قلب پرویز مشرف کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کررہے ہیں اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پرویز مشرف کی انجیوگرافی کی ضرورت ہےتاکہ بائی پاس سرجری کے بارے میں فیصلہ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی وجہ سے اے ایف آئی سی نے عدالت کے حکم پر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ آج جمع کرائی تھی۔