4 دسمبر، 2013

ترقیاتی فنڈز کیس ، راجا پرویز اشرف کیخلاف سول اور فوجداری کارروائی کا حکم:

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حکومت کے آخری دنوں میں غیر قانونی فنڈز دیئے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں کہا ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور فنڈ لینے والوں کے خلاف بھی فوجداری کاروائی کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کے صوابدیدی فنڈ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کے اجرا میں سنگین خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں۔ سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے اختیارارت کا غلط استعمال کیا۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ راجا پرویزاشرف نے ترقیاتی فنڈز غیرقانونی طور پر من پسند افراد کو جاری کیے۔ عدالت نے کہا کہ صوابدیدی فنڈز کے استعمال میں بھی اصول و ضوابط کو مد نظر رکھا جانا ضروری ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ راجا پرویز اشرف اور دیگر ذمہ داران کے خلاف سول اور فوجداری کارروائی کی جائے۔ راجا پرویز اشرف نے نگران حکومت کے قیام سے چند دن پہلے بیالیس ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ ز صوابدیدی فنڈ کے طور پر جاری کئے تھے۔۔۔ مزید

سیاچن پر پوزیشن واضح ہے،ا فواج کا دو طرفہ انخلا ہونا چاہیے،پاکستان

اسلام آباد…پاکستان نے کہا ہے کہ سیاچن پر پوزیشن واضح ہے، فوجوں کا دو طرفہ انخلا ہونا چاہیے، ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چودھری کااس حوالے سے کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کا احترام کرتے ہیں، بھارت بھی اس معاہدے کا احترام کرے۔ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، جبکہ کشمیر کا مسئلہ بات چیت سے حل ہونا چاہیے ، اس ھوالے سے گفتگو میں کشمیری قیادت کو بھی بات چیت میں شامل کیا جائے،ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر 500 میٹر پر کوئی تعمیر نہیں ہو سکتی۔ڈرون حملوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈرون حملوں پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،حکومت پاکستان ڈرون حملوں کے خلاف ہے۔ترجمان نے پاکستان میں طالبان کا دفتر کھولنے کی تر دید کرتے ہو ئے کہا کہ اس بارے میں کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

ماسکو:سائبر چوروں کا کارنامہ 20 لاکھ پاس ورڈزجا ری کر دیئے

ماسکو…مختلف ویب سائٹس پر استعمال ہونے والے 20 لاکھ سے زائد پاس ورڈز چوری کرکے شائع کردیئے گئے ہیں۔پاس ورڈز کی چوری کاانکشاف سائبر جرائم سے تحفط دینے والی ایک کمپنی نے کیا ہے۔ روسی زبان میں ایک ویب سائٹ پر شائع کئے گئے 20 لاکھ سیزائد پاس ورڈز میں فیس بک ، گوگل ، یاہو، ٹویٹر اور لنکڈ ان سمیت دیگر ویب سائٹس کے پاس ورڈز شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق پرسنل ڈیٹا اور پاس ورڈز ایک سافٹ ویئر کی مدد سے چوری کئے جاتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر لوگوں کے علم میں لائے بغیر ان کے کمپیوٹرز میں انسٹال کیا جارہا ہے۔ جاری کردہ پاس ورڈز میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ 123456ہے جس کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہے۔ سائبر جرائم سے تحفظ دینے والی ایک کمپنی کے مطابق روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد کی نجی معلومات چرائی جاتی ہیں۔

حزب اللہ نے اہم رہنما حسن لقیس کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کوٹھہرادیا

بیروت… لبنانی تنظیم حزب اللہ نے بیروت میں اپنے اہم رہنما حسن لقیس کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔حزب اللہ کے ٹی وی چینل المنارکے مطابق اس کے رہنما حسن القیس کا قتل بیروت کے مشرقی حصے میں ان کے گھر کے قریب پیش آیا ہے۔ حزب اللہ نے ان کی ہلاکت کا باضابطہ طو ر پر اعلان کر دیا ہے۔ حزب اللہ کیذرائع کے مطابق اس قتل کی کارروائی کا مقصد لبنان میں مذہبی منافرت بڑھے اور فرقہ واریت کی آگ بھڑک اٹھے ، نیز سیاسی تقسیم میں اضافہ ہو۔

پاکستان میں 79 فیصد افراد ناخواندہ ہیں، یونیسکو

 نیو یارک… اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو نے کہاہے کہ پاکستان میں 79 فیصد افراد ناخواندہ ہیں اور شرحِ خواندگی کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں 180ویں نمبر پر ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسکو کی رپورٹ میں 2012 میں 221 ممالک میں عوام کی تعلیمی حالت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ناخواندہ افراد کی عمر 15 سے 24 برس کے درمیان ہے اورسب سے زیادہ شرحِ خواندگی 55 سے 64 برس عمر کے افراد میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرحِ خواندگی میں پاکستان جنوبی ایشیا میں صرف افغانستان اور بنگلہ دیش سے اوپر رہا۔ 2012 میں 70 لاکھ طلبہ اسکول اور کالج جا رہے تھے جن میں سے 29 لاکھ پرائمری اسکول، 26 لاکھ سیکنڈری اسکول اور 15 لاکھ کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ یونیسکو کاکہنا ہے کہ پاکستان میں صرف تین فیصد طلبا ء کالج تک پہنچ پاتے ہیں،جن میں سے صرف ایک فیصد گریجویشن کر پاتے ہیں۔

فیصل آباد: چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ شہری سراپا احتجاج


فیصل آباد…فیصل آباد میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ آئے شہری سراپا احتجاج، ٹائرجلا کر ٹریفک معطل کر دی ،پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے ستائے ہوئے شہریوں نے سبحان اللہ چوک میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، جبکہ ایک ہفتہ سے موٹرسائیکل پر سوار افراد راہگیروں کومسلسل لوٹ رہے ہیں ، مگر اطلاع کے باوجود پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ انہوں نے علاقہ میں رات کے وقت پولیس ناکے لگانے اور گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ ڈی ایس پی گلبرگ نے مظاہرین سے
مذاکرات کر کے احتجاج ختم کر وا یا۔

سپریم کورٹ میں لاپتہ افراد کیس کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد…سپریم کورٹ میں آج لاپتہ افراد کیس کی سماعت ہوگی۔ عدالت نے 30 لاپتہ افراد کو آج پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران قائم مقام سیکریٹری دفاع نے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو بتایا تھا کہ 3 افراد کا پتہ چل گیا ہے۔ چیف جسٹس نے باقی تمام لاپتہ افراد کو بھی ایک گھنٹے میں سامنے لانے کا حکم دیا۔ایک گھنٹے کے الٹی میٹم کے بعد اٹارنی جنرل منیر اے ملک سیکریٹری دفاع اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ پیش ہوئے اور کہا کہ معاملے میں پیش رفت کا یقین دلایا گیا ہے۔ تھوڑا سا وقت دے دیں۔ اس پر چیف جسٹس نے بقایا 30 افراد کو آج
پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔