15 جنوری، 2014

ہالینڈ میں قیدی جیل میں رہنے کا کرایہ دیں گے،مسودہ قانون تیار

دی ہیگ… ہالینڈ میں اب قیدی جیل میں رہنے کا کرایہ دیں گے۔ذرائع کے مطابق ہالینڈ کی حکومت نے ایک مسودہ قانون تیار کرلیا ہے جس کی رو سے قیدی سیل میں رہنے والوں سے کرایہ وصول کیا جائے گا۔مذکورہ مسودہ قانون کابینہ سے منظوری کے لئے رواں ہفتے پیش کیا جا رہا ہے۔ہالینڈ کے نائب وزیر انصاف فریڈ ٹیوین کے حوالے سے ہالینڈ کی وزارت انصاف کی ترجمان ویبا الکیما نے بتایا کہ اگر مسودہ قانون منظور ہوجاتا ہے توقیدی سیل میں رہنے والے قیدیوں سے 16 یورو یومیہ کم از کم 2 سال تک وصول کیا جائے گا کیونکہ ایسے قیدی پر حکومت کا یومیہ250 یورو خرچ آتا ہے جس کیلئے معاشرے کو بھی حکومت کے اخراجات کو کندھا دینا چاہیئے۔مذکورہ قانون منظوری کی صورت میں یکم جنوری2015ء سے قابل عمل ہوگا۔حکومتی سطح پر ایک اور مسودہ قانون کی تیاری پر بھی غور ہورہا ہے جس کے تحت قیدیوں سے ان کے کئے گئے جرائم کی تفتیش اور تحقیقات پر اٹھنے والے اخراجات میں سے بھی حصہ وصول کیا جائے گا۔

11 جنوری، 2014

لاہور:تحریک انصاف کی رہنما نیلم اشرف کا بیٹا قتل

تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار مسعود بھٹی لاہور سے قصور جارہے تھے کہ فیروز پور روڈ پر مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار پہلے سے گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسعود بھٹی اور ان کے 3 گارڈز موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا وکیل دوست زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی بھی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتہ چل پائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی ہے، دوسری جانب مقتولین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث بااثر افراد کی پشت پناہی کررہی ہے، اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں لیکن انھیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ مسعود بھٹی عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 176 پر تحریک انصاف کے امیدوار بھی تھے تاہم مختلف معاملات پر ان کے کئی افراد سے تنازعات بھی چل رہے تھے۔

چوہدری اسلم پر حملہ: مقدمہ پی آئی بی تھانے میں درج کرلیا گیا

پولیس کی جانب سے چوہدری اسلم اور ان کےساتھیوں پر حملے کا مقدمہ کراچی کے علاقے پی آئی بی تھانے میں سب انسپیکٹر عادل کی مدعیت میں درج کیا گیا  جس میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں 302 سمیت انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس سے قبل پولیس کی جانب سے چوہدری اسلم کے قافلے پر حملہ کرنے والے مبینہ خودکش حملہ آور نعیم اللہ کے 2 ساتھیوں اور ایک بھائی کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھاکہ مبینہ خود کش حملہ آور نعیم اللہ 4 بچوں کا باپ تھا اور اس کی شناخت نادرا نے جائے وقوعہ سے ملنے والے اس کے  ہاتھ کی انگلیوں کے فنگرپرنٹس کی مدد سے کی۔
واضح رہے کہ بدھ کو ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اپنے ساتھیوں سمیت گھر سے دفتر جارہے تھے کہ کراچی کے علاقے عیسی نگری میں لیاری ایکسپریس وے پر خودکش حملے میں شہید ہوگئے تھے جنہیں کراچی کے گزری قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، قاتلانہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

9 جنوری، 2014

pakistan idol

مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ 2 بجے تک محفوظ

اسلام آباد کی نیشنل لائبریری میں جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری مقدمے سماعت کی۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ دوران علاج پرویز مشرف میں بہت سی بیماریوں کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت نازک ہے جب کہ ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے لہذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ پرویز مشرف کے دل کی کوئی شریان بند نہیں اور نہ ہی رپورٹ میں ایسا کوئی لفظ ہے کہ ملزم عدالت میں پیشی کے قابل نہیں اور نہ ان کی جان کو خطرہ ہے لہذا عدالت ملزم کو بلا کر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیں، سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل شریف الدین پیر زادہ نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کو خفیہ رکھنا تھا لیکن وہ میڈیا تک پہنچ گئی جس پر اکرم شیخ نے کہاکہ اس پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا کیوں کہ رپورٹ میرے دفتر سے لیک نہیں ہوئی۔ عدالت نے میڈیکل رپورٹ پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پراسیکیوٹر اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بہادر فوج کا سابق سپہ سالار بیماری کا بہانہ بنا کر عدالت میں پیش نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہاکہ مشرف کو ایسی کوئی معذوری نہیں کہ عدالت میں پیش نہ ہوسکیں، میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کی دل کی دھڑکن 18 سال کے نوجوان جیسی ہے جب کہ بلڈپریشر سپورٹس مین کی طرح ہے۔ پرویز مشرف کے بیرون ملک علاج سے متعلق اکرم شیخ کا کہنا تھاکہ پاکستان میں تمام امراض کا علاج ہوتا ہے جب کہ کراچی کے آغا خان اسپتال اور اے ایف آئی سی میں امراض قلب کے علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں یہاں بیرون ملک سے بھی لوگ علاج کے لئے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ آرمدفورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی کے حکام نے سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ منگل  کے روز خصوصی عدالت میں پیش کی تھی۔

عدالت میں پیشی کے باوجود آصف زرداری پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

اسلام آباد…سابق صدر آصف علی زرداری آج نیب کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ، ان پر پولوگرآوٴنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائدنہیں کی گئی ، ان کے وکیل کا مو قف ہے کہ پولو گراوٴنڈ ریفرنس بے بنیاد ہے سابق صدر آصف علی زرداری کی آج نیب عدالت میں پیشی تھی ۔ سابق صدر گھر سے نکلے اور عدالت پہنچے، ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد عدالت تک پہنچی۔ سابق صدر کو آج نیب نے پانچ ریفرنسرز میں طلب کر رکھا تھا ، ان میں پولو گراوٴنڈ ریفرنس ، ایس جی ایس ، کوٹیکنا ، اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹرز شامل ہیں۔ آصف علی زرداری پر پولو گراوٴنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا لیکن آج ان پر فرد جرم عائد نہ کی گئی ، عدالت نے اس معاملے پر ان کے وکیل کی بحث کی درخواست مقرر کرتے ہوئے سماعت کے لیے اٹھارہ جنوری کی تاریخ مقرر کردی، آج کی سماعت میں استغاثہ کی جانب سے 5 گواہ عدالت میں پیش ہوئے، فاروق ایچ نائیک کے گواہوں پر اعتراضات کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفت گو میں آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ پولو گراوٴنڈ ریفرنس بے بنیاد ہے ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے رہنماوٴں کو ہر دور میں نشانہ بنایا گیا لیکن ان کے قائدین سیکیورٹی خدشات کے باوجود عدالتوں کا احترام میں وہاں پیش ہوئے۔

8 جنوری، 2014

جنوبی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 10 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گرین رج چک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو فائرنگ سے ہلاک کردیا تاہم کارروائی کے دوران 3 فوجی بھی شہید ہوئے۔