5 دسمبر، 2013

بہت سے لاپتا افراد کل پیش ہو جائیں گے، وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا وعدہ

اسلام آباد…لاپتا افراد کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ تمام تو نہیں لیکن بہت سے لاپتا افراد کل پیش ہو جائیں گے، ان کے اس وعدے کے بعد سپریم کورٹ نے مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔ سماعت کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کو وزیراعظم نواز شریف کا ٹیلی فون آ گیا۔ خواجہ آصف نے چیف جسٹس سے کہا کہ وزیراعظم کا ٹیلی فون ہے، بات کرنے کی اجازت دی جائے، اس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا بندے آ گئے ہیں۔ خواجہ آصف نے جواب دیا کہ سر کل صبح تک چار پانچ آ جائیں گے۔ چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ ابھی سارے لائیں، جو کل تک آ سکتے ہیں، وہ آج بھی آ سکتے ہیں۔ آپ نے عدالت کو بہت نیچا دکھایا، کب تک تماشہ دیکھتے رہیں۔ اگر وہ کریمنل ہیں تو مقدمہ درج کریں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں عدالت کے ساتھ ہوں کہ کوئی قانون سے بڑا نہیں۔ ہم بھی آئین کے اصول کے لیے لڑ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے بہت وقت دے دیا لیکن پرنالہ وہیں کا وہیں ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف وزیراعظم کافون سننے کے بعد واپس کمرہ عدالت آ گئے۔ اور کہا کہ وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، کل رجسٹرار کو اچھی خبر سنائیں گے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ رجسٹرار کو کیوں خبر دیں گے۔ اگر وزیراعظم معاملے میں شامل ہو گئے ہیں تو یہ معمولی بات نہیں، سپریم کورٹ نے مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں